ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دیوے گوڑا سمیت کئی اہم امیدواروں نے کاغذات نامزدگی داخل کئے

دیوے گوڑا سمیت کئی اہم امیدواروں نے کاغذات نامزدگی داخل کئے

Tue, 26 Mar 2019 11:00:18    S.O. News Service

بنگلورو،26؍مارچ (ایس او نیوز) کرناٹک لوک سبھا کے لئے پہلے مرحلہ میں ہونے والی پولنگ کے لئے بشمول جے ڈی ایس کے سربراہ و سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا ،کانگریس، بی جے پی اور جے ڈی ایس کے کئی امیدواروں نے آج کاغذات نامزدگی داخل کئے۔ آج مختلف پارٹیوں کے امیدواروں کی جانب سے کاغذات داخل کئے جانے کے ساتھ ہی لوک سبھا انتخابات میں گرمی پیدا ہوگئی ہے۔ ٹمکور پارلیمانی حلقہ سے دیوے گوڑا نے نامزدگی داخل کی۔ اس حلقہ سے کانگریس کے موجودہ رکن پارلیمان مدو ہنومے گوڑا نے بھی نامزدگی داخل کی ہے۔ بنگلور سنٹرل حلقہ سے کانگریس امیدوار رضوان ارشد نے ریاستی وزراء بی زیڈ ضمیر احمد خان ،کرشنا بائرے گوڑا اور اپنے دیگر طرفداروں کے ہمراہ بی بی ایم پی صدر دفتر پہنچ کر نامزدگی داخل کی۔ آج جن امیدواروں نے کاغذات نامزدگی داخل کئے ہیں ان میں بنگلور نارتھ سے بی جے پی کے ڈی وی سدانندا گوڑا، منڈیا سے نکھل کمار سوامی، گلبرگہ سے کانگریس لیڈر ملیکارجن کھرگے ، بیدر سے کے پی سی سی کارگزار صدر ایشورکھنڈرے ، چک بالا پورے سے کانگریس لیڈر ویرپا موئیلی، کولار سے کانگریس لیڈر کے ایچ منی اپا ، جنوبی کینڑا سے بی جے پی کے نلن کمار کیٹل، میسور سے کانگریس امیدوار وجئے شنکر ، بی جے پی امیدوار پرتاپ سمہا، ہاسن سے بی جے پی امیدوار اے۔ منجو شامل ہیں۔ منڈیا حلقہ سے جے ڈی ایس امیدوار نکھل کمار سوامی نے نامزدگی داخل کرنے سے پہلے اپنے والد وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی اور والدہ رکن اسمبلی انیتاکمار سوامی کے ہمراہ ستورمٹھ کے سوامی جی سے ملاقات کی اور ان کا آشیرواد لینے کے بعد منڈیا ڈپٹی کمشنر کے دفتر پہنچ کر کاغذات داخل کئے۔ اس موقع پر نکالے گئے جلوس میں 50؍سے زیادہ بیل گاڑیاں بھی شامل تھیں۔ اس جلوس میں کانگریس اور جے ڈی ایس کے کئی لیڈروں نے بھی شرکت کی۔ میسور حلقہ سے کانگریس امیدوار سی ایچ وجئے شنکر نے سابق وزیر اعلیٰ سدارامیا ، کے پی سی سی صدر دنیش گنڈوراؤ ، سابق وزیر ایچ سی مہادیوپا اوردیگر لیڈروں کے ساتھ ایک جلوس کی شکل میں ڈی سی کے دفتر پہنچ کر نامزدگی داخل کی۔ اس موقع پر مخلوط حکومت میں ساجھیدار جے ڈی ایس کے وزراء جی ٹی دیوے گوڑا ، سارا مہیش اور جے ڈی ایس کے دیگر لیڈران دور دور سے ہی یہ سب تماشہ دیکھ رہے تھے۔ کلبرگی حلقہ سے کانگریس امیدوار ملیکاارجن کھرگے نے اپنے طرفداروں کے ہمراہ نامزدگی داخل کی۔ ان کے حریف بی جے پی امیدوار ڈاکٹر امیش جادھو کو اسمبلی رکنیت سے نااہل قرار دینے کانگریس کی جانب سے داخل عرضی پر پوچھ تاچھ کرنے اسمبلی اسپیکر رمیش کمار نے انہیں بنگلور میں واقع اپنے دفتر طلب کیا تھا۔ بھوگ نندیشور مندر میں خصوصی پوجا کرنے کے بعد ایم۔ ویرپا موئیلی نے چک بالاپور حلقہ سے نامزدگی داخل کی۔ اس حلقہ سے بی جے پی امیدوار بچے گوڑا نے بھی آج نامزدگی داخل کی۔ کرڈملا مندر میں خصوصی پوجاکرنے کے بعد کے ایچ منی اپا نے کولار حلقہ سے نامزدگی داخل کی۔ بنگلور نارتھ سے کانگریس امیدوار بی ایل شنکر ،بنگلور ساؤتھ سے بی کے ہری پرساد نے بھی نامزدگی داخل کردی۔ کل 26؍مارچ نامزدگیاں داخل کرنے کا آخری دن ہے۔ پرسوں نامزدگیوں کی جانچ پڑتال ہوگی۔28؍مارچ نامزدگیاں واپس لینے کی آخری تاریخ ہے۔ 


Share: